اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی بدحالی کسی بھی سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں، حکومت جماعت اسلامی کے پُرامن احتجاج کو ہلکا لیتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو کوئی ریلیف دینے کو تیار نہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے مشکل میں ڈال دیا ہے، پیکیج کے نام پر ریلیف دے کر عوام کو پٹرول پمپس پر لڑوایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہوا، دیگر ممالک نے بھی پٹرولیم قیمتیں بڑھائیں، مگر پاکستان جتنا اضافہ نہیں ہوا، حکومت نے اپنے اہداف سے بھی زیادہ پٹرولیم لیوی وصول کر لی، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے پر مزید کمانے کیلئے حکومت نے پٹرول مہنگا کر دیا، پٹرول کی قیمت بڑھنے کا اثر مڈل کلاس پر پڑ رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کو لوگوں کا احساس ہی نہیں ہے، پاکستان کے عوام کا مسئلہ کسی بھی سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ لیوی ختم کی جائے اور عوام کو جینے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورت میں کوئی بھی معاہدہ معطل کیا جا سکتا ہے، جو گیس پیدا نہیں ہو رہی، عوام اس کے بھی پیسے ادا کر رہے ہیں، آئی پی پیز مافیا کو روکا جائے، عوام کیلئے روٹی سستی کی جائے، موجودہ حالات میں لگژری آئٹمز پر پابندی لگائی جائے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت جماعت اسلامی کے پُرامن احتجاج کو ہلکا لیتی ہے، ہم نے مارچ کے حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، لانگ مارچ میں 20 ستمبر کو لاہور سے روانہ ہوں گے، دو سے تین روز میں اسلام آباد پہنچ جائیں گے، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا سے لوگ جمع ہوں گے، بڑا احتجاج ہوگا، آج مردان اور پشاور دھرنے میں شرکت کیلئے جا رہا ہوں.امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری کے دفاع کے لئے پاکستان ہر حد تک جائے گا۔









