خورشید شاہ

پاکستان کی معاشی بقا آبی منصوبوں سے جڑی ہے، خورشید شاہ

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی بقا آبی منصوبوں سے جڑی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کی داسو ڈیم منصوبے کے حکام،چینی انجینئرز، ورکروں سے بات چیت ہوئی ہے۔ اس موقع خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ داسو ڈیم 2023 میں مکمل ہونا تھا، افسوس بہت زیادہ تاخیر ہوئی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ داسو ڈیم منصوبے میں اب مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے، منصوبے میں کوئی بھی رکاوٹ آئے تو مجھے فورا آگاہ کریں۔ وفاقی وزیر آبی وسائل نے کہا کہ ہر رکاوٹ دور کرنے کے لیے ذاتی دلچسپی لوں گا، فنڈز سے لے کر ماحولیات وغیرہ تک کے ہر معاملے کو فوری حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بقا آبی منصوبوں سے جڑی ہے، ہماری پوری کوشش ہونی چاہیے کہ پانی سے بجلی کی پیداوار مجموعی پیداوار کے ستر فیصد تک لے جائیں۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پوری کوشش ہو گی بطور وزیر آبی وسائل اس قومی ذمہ داری میں حصہ ڈالوں۔