مسرت جمشید چیمہ

پاکستان کی سیاست جیل میں نا حق قید عمران خان کے گرد گھومتی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے مائنس کرنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ،عمران خان ملک و قوم کیلئے قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور ان کے عزم میں رتی برابر بھی لغزش نہیں آئی ، بشری بی بی کو عمرا ن کی کمزوری بنانے کی ساری تدبیریں بھی ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی سیاست جیل میں نا حق قید عمران خان کے گرد گھومتی ہے ،ہر طرح کے ظلم اور جبر کے باوجود عمران خان اپنی عوا م کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور یہی حکمرانوں کا اصل خوف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خاندانی روایات سے عاری حکمران بشر ی بی بی کو جتنی دیر مرضی جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھ لیں وہ اپنی سازشوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور بوگس کیسز بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے اور بانی چیئرمین عمران خان اور بشر ی بی بی ہمارے درمیان ہوں گے۔