سید یوسف رضا گیلانی 18

پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، ہر شہری کے حقوق، تحفظ اور مساوی مواقع کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اقلیتی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پارلیمنٹرینز، اقلیتی کاکس کے ارکان اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انہوں نے 2009ء میں بطور وزیراعظم 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دیا تھا جس کا مقصد اقلیتوں کے مساوی مقام، حقوق اور ملکی خدمات کو تسلیم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں اقلیتی امور کے لئے وفاقی وزارت کے قیام، وفاقی ملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے کوٹے اور سینیٹ میں اقلیتی نمائندگی کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین سینیٹ انہیں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق اسی قومی عزم اور وعدے کو آگے بڑھانے پر فخر ہے، خواتین اور اقلیتیں ان کی بنیادی ترجیحات میں شامل رہی ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اقلیتی برادریوں کی لازوال خدمات سے عبارت ہے، اقلیتی رہنماؤں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا جبکہ تحریک پاکستان میں دیوان بہادر ایس پی سنگھا سمیت مسیحی رہنماؤں کا کردار بھی قابل ذکر ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پہلی دستور ساز اسمبلی کے تاریخی اجلاس کی صدارت کے لئے ہندو رہنما جوگندر ناتھ منڈل کو منتخب کیا۔ عدلیہ، مسلح افواج، تعلیم، صحت، ادب، سائنس اور کھیل کے شعبوں میں اقلیتی شخصیات کی نمایاں خدمات قابل تحسین ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے جسٹس اے آر کارنیلیس، جسٹس دوراب پٹیل اور جسٹس رانا بھگوان داس کی خدمات کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گروپ کیپٹن سہیل چوہدری، ایئر وائس مارشل ایرک گورڈن، میجر جنرل جولین پیٹر، ڈاکٹر رتھ فاؤ اور فارمین کرسچن کالج سمیت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی خدمات بھی قابل فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میثاقِ مدینہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے افراد کے متحد معاشرے میں رہنے کی روشن مثال ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی مذہبی امتیاز کے خاتمے اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی حمایت کی۔چیئرمین سینیٹ نے قومی اقلیتی دن کی تقریب کے انعقاد پر سینیٹر دنیش کمار اور پارلیمنٹیرینز مینارٹیز کاکس کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں