نہال ہاشمی 18

پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نوجوان جدید علوم و ٹیکنالوجی میں آگے بڑھیں، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کے خوابوں کی تعبیر ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سائنس، جدید علوم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا۔

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج کا دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت، جدوجہد اور ان اصولوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بنیاد پر پاکستان حاصل کیا گیا۔نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کے خوابوں کی تعبیر ہے اور اس کے قیام کیلئے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں۔ ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابلِ تسخیر ہوچکا ہے اور مسلح افواج نے ملک کے دفاع کیلئے بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے پوری قوم کو متحد رہنا ہوگا۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ جدید دور کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، اس لیے نوجوان اپنی صلاحیتوں اور علم کو ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے استعمال کریں۔نہال ہاشمی نے کہا کہ قومی یکجہتی، محنت اور جدید تعلیم کے ذریعے پاکستان کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنایا جاسکتا ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں