حنا ربانی کھر

پاکستان کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، حنا ربانی کھر

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق کی وزارت خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے ملاقات ہوئی ہے۔

اس موقع پر حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش ہیں تاہم پاکستان، افغانستان کی آزادی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ ملاقات کے دوران نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے افغانستان اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

خیال رہے کہ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری افغانستان عامر آفتاب قریشی و ڈی جی افغانستان، آصف میمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گزشتہ روز حنا ربانی کھر نے وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا چارج سنبھالا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت کے دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔