شیری رحمان

پاکستان کو ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کی دہشتگردی کا سامنا ہے،شیری رحمن

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پاکستان ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کی دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران شیری رحمن نے کہا کہ ہم نے دوسرا اے پی ایس دیکھا ہے۔ ٹی ٹی پی کو افغانستان سے اور بی ایل اے کو بھارت سے معاونت حاصل ہے۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان کے سیاسی حل پر گفتگو ایک الگ موضوع ہے، لیکن یہ سیاسی لوگ نہیں ہیں۔ ان لوگوں سے ماضی میں انسانی حقوق فورم پر مل چکی ہوں، ایسے سیاسی ناراضگی کا اظہار نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ بی ایل اے پر بھارت کے نقش ہیں، کیا ہم بھی وہی کریں جو مودی کے بھارت نے کیا، ہمارے پاس فنگر پرنٹس ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم امن پسند قوم ہیں، ہر کسی کو اس جنگ پر غصہ ہے جو ہم پر مسلط کی گئی، بھارت نے سویلینز پر حملہ کیا ، ہم نے نہیں، کیا ہم جنگ کر دیں؟ شہریوں پر ہونے والے حملے پر بھارت کیوں خاموش ہے؟۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک میں دہشت گردی کیوں بڑھ رہی ہے، اس کو دیکھنا ہو گا۔