طاہر حسین اندرابی 16

پاکستان پر امید ہے امریکا ایران مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے،دفتر خارجہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ یا غیرموثر قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، امن کا فریم ورک موجود ہے، پاکستان پر امید ہے امریکا و ایران بالآخر مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے،امریکا ایران کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا،بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کا فیصلہ مسترد کرنا سندھ طاس معاہدے کے تحت اس کی ذمے داریوں کو ختم نہیں کر سکتا۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ امریکا ایران حالیہ کشیدگی کے باوجود پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کے حل کیلئے پرامید ہے۔ترجمان نے کہا کہ موجودہ کشیدگی تشویش ناک اور ناپسندیدہ ہے تاہم پاکستان امن عمل سے مایوس نہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جا سکتا، امریکا ایران تنازع کے حل کے لیے پاکستان مکمل خلوص کے ساتھ امن عمل میں مصروف ہے۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کا فیصلہ مسترد کرنا سندھ طاس معاہدے کے تحت اس کی ذمے داریوں کو ختم نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے سندھ طاس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی جانب واپس آنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کا طرزِ عمل ان خطوں کے لیے بھی منفی مثال قائم کر سکتا ہے جہاں مشترکہ وسائل قانونی معاہدوں کے تحت منظم کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ رویہ عالمی تنازعات کے طے شدہ نظام پر اعتماد کو مجروح کرتا ہے اور دیگر خطوں کے لیے بھی ایک منفی مثال قائم کر سکتا ہے،جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں مشترکہ آبی وسائل کے انتظام کے لیے قانونی معاہدوں کی مکمل پیروی ہی واحد راستہ ہے۔یاسین ملک کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پاکستان حریت رہنما کے خلاف مقدمے اور سزا کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے کیونکہ یہ انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی ہے۔ پاکستان اس مسئلے کو کثیرالجہتی فورمز پر اٹھاتا رہے گا ، پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ یاسین ملک کی زندگی اور صحت کے حوالے سے فوری نوٹس لے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان یاسین ملک کی صحت اور طویل زندگی کے لیے دعاگو ہے، سید علی گیلانی ہماری دعاں میں موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں