حافظ نعیم الرحمن 15

پاکستان و کشمیر لازم و ملزوم، قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی’حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے کشمیر میں داخل ہو کر اس پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، جو 79 سال گزرنے کے باوجود برقرار ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان و کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ کشمیری عوام بھارتی قبضے کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی مرحوم و مغفور کا نعرہ ”ہم پاکستانی، پاکستان ہمارا” کشمیری و پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کے لیے طویل جدوجہد کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کشمیری عوام بھارتی قبضے کے خلاف اپنی لازوال جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور کشمیر سے بھارتی قبضہ ختم کرانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں