تنظیم سازی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ہدایت پر تنظیم سازی کے لیے مشاورتی میٹنگ کا انعقاد

لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ہدایت پر تنظیم سازی کے لیے مشاورتی میٹنگ کا کھوکھر پیلس سے باقاعدہ آغاز کردیا گیا ۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) لاہور کے قائمقام صدر خواجہ عمران نذیر ،ملک سیف الملوک کھوکھر ،ملک افضل کھوکھر ،فیصل سیف کھوکھر، شائستہ پرویز ملک ، علی پرویز ملک ، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، بائو اختر، مرزا جاوید، غزالی سلیم بٹ،رمضان صدیق بھٹی، بلال یاسین ،حنا پرویز بٹ ،منظور حسین ، اجمل ہاشمی ، کرنل (ر)مبشر جاوید سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی امور اور تنظیم سازی کے حوالے سے حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہم نے اپنی پارٹی کو ہر سطح پر مضبوط کرنا ہے ،رہنما اور کارکنان متحرک ہیں اور ہم نے اپنی قیادت کا پیغام گھر گھر تک پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) شیروں کی جماعت ہے ،ہمارے اوپر کئی مرتبہ کڑا وقت آیا لیکن سب نے ڈٹ کر حالات کا مقابلہ کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پارٹی کارکنان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ، تنظیمیں کارکنوں سے ہی ہوتی ہیں ،کارکن کبھی بھی کسی عہدے کا محتاج نہیں ہوتا اس کا اولین مقصد اپنی پارٹی کی عزت میں اضافہ کرنا اور ہر مشکل گھڑی میں اس کا ساتھ دینا ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عہدیداروں ، اراکین اسمبلی اور کارکنان نے ہر طرح کے حالات میں پارٹی قیادت کی آواز پر لبیک کہا اور کہتے رہیں گے ، ہمارے نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیں عوام کی خدمت کا جو درس دیا ہے اسے مرتے دم تک جاری رکھیں گے۔اس موقع پر ملک سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا ۔