کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ٹنڈو الہیار اور حیدرآباد کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ٹنڈو الہیار سے حیدرآباد کے درمیان پیپلز بس سروس کا باقاعدہ آغاز 22 اپریل سے کیا جا رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت سندھ عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جس کے تحت پیپلز بس سروس کے دائرہ کار کو مرحلہ وار صوبے کے مختلف اضلاع تک وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شکارپور اور سکھر کے بعد دوسرے مرحلے میں اب ٹنڈو الہیار اور حیدرآباد کے درمیان یہ جدید سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے دونوں شہروں کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی، جبکہ ملازمت پیشہ افراد، طلبہ، کاروباری طبقے اور دیگر مسافروں کی آمد و رفت میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹرانسپورٹ نظام نہ صرف شہریوں کے وقت کی بچت کرے گا بلکہ سفر کو مزید آرام دہ اور منظم بھی بنائے گا۔سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ کا وژن ہے کہ صوبے کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں، اسی مقصد کے تحت پیپلز بس سروس کو دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ جلد ہی مزید شہروں میں بھی اس سروس کا آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ پیپلز بس سروس نہ صرف آرام دہ سفری سہولت فراہم کرے گی بلکہ جدید تقاضوں کے مطابق محفوظ، باوقار اور سستی سفری سہولت بھی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری نظام میسر آ سکے۔









