اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے اسلام آباد اورراولپنڈی کے آرچ بشپ جوزف ارشد نے ملاقات کی،آرچ بشپ جوزف ارشد نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کو وزارت مذہبی امور کا قلمدان ملنے پر مبارکباد پیش کی.
ملاقات کے دوران دنیا میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رحجان ، دہشت گردی، فرقہ واریت کے خاتمے، ، قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ہے، تمام اقلیتی برادریوں کو ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں.
پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی آئین نے ضمانت دی ہے،حکومت نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں، قومی کمیشن برائے اقلیت کا قیام، بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی برداشت کے فروغ کی پالیسی کی منظوری سے اقلیتوں کو عملی طور پر آذاد اور خودمختار بنایا گیا ہے۔
آرچ بشپ جوزف ارشد نے اقلیتوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیتھولک چرچ کے زیر انتظام پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں اہم منصوبے جاری ہیں،برداشت اور رواداری کو فروغ دے کر ہم دنیا سے شدت پسندی کا خاتمہ کر سکتے ہیں،محبت، مساوات،برداشت اور امن پسندی جیسے عوامل رواداری کو معاشرے میں فروغ دینے میں بھر پور کردار ادا کر سکتے ہیں، ملاقات میں دنیا سے انتہا پسندی و شدت پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔