اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزارت تعلیم نے ٹرائل بنیادوں پر سکول کھولنے کے حوالہ سے صوبوں سے تجاویز طلب کر لیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم نے ایک مراسلہ میں صوبوں سے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تجاویر اور مکمل پلان 23 جون تک بھجوائیں، وفاق نے دو جولائی کو بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس طلب کی ہے۔
کانفرنس میں سکولز کھولنے یا مزید بند رکھنے سے متعلق معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تجاویز اور مکمل پلان میں طلبہ اور اساتذہ کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے تمام اقدامات اس کا حصہ ہوں گے۔
ایچ ای سی، وفاقی نظامت تعلیمات سمیت متعلقہ حکام سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی کو سفارشات بھجوائی جائیں گی۔ قومی رابطہ کمیٹی تعلیمی اداروں کو کھولنے یا مزید بند رکھنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔