اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مضبوط حکومتی روابط کے علاوہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قانونی امور اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ترجمان کے مطابق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر عرفان دادوف اور ان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔
وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے سفیر کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور آذربائیجان کے وزیر انصاف کے ساتھ دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قانونی شعبے میں باہمی تعاون، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تین تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جو قانونی شعبے میں دونوں ممالک کے تعاون کی عکاسی ہے۔
اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر عرفان دادوف نے کاراباخ کے معاملے پر پاکستان کی مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قانونی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔









