محسن نقوی 54

وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام

اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محنت کشوں کے عالمی دن پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محنت کش کے پسینے سے ہی ترقی کی داستانیں رقم ہوتی ہیں، ملک کی ترقی میں محنت کشوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، یہ دن ان ہاتھوں کی عظمت کا اعتراف ہے جو خاموشی سے معیشت کو استحکام بخشتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزدور صرف ایک فرد نہیں بلکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا اصل ستون ہے، جس کے بغیر خوشحالی کا خواب ادھورا رہتا ہے، دین اسلام میں محنت کو ایک عبادت اور محنت کش کو قابلِ احترام قرار دیا گیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا آئین پاکستان بھی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، مناسب اجرت اور بہتر کام کے ماحول کی ضمانت فراہم کرتا ہے، محنت کشوں کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے، مزدوروں کی محنت ہی قوموں کی اصل طاقت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کیلئے آواز بلند اور ان کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں