مراد علی شاہ 19

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر پارٹی قیادت، کارکنان اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کامیابی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عوامی فلسفے کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی ملک بھر میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نفرت، تقسیم اور انتشار کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے خدمت اور عوامی نمائندگی کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کامیاب امیدواروں، کارکنان اور ووٹرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوامی مسائل کے حل اور عوام دوست منشور پر اعتماد کا مظہر ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور گلگت بلتستان میں کامیابی جمہوریت، ترقی اور عوامی خدمت کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں