پنز

وزیراعلیٰ پنجاب کی وژنری قیادت میں پنز میں اسپائنل ٹراما مریضوں کی ”زیرو ڈے سرجری” کا آغاز

لاہور21 مئی 2025(زاہد انجم سے) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز (PINS) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر آصف بشیر نے مریضوں کے بروقت علاج کو یقینی بنانے کی غرض سے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی وژنری قیادت میں اسپائنل ٹراما مریضوں کی ”زیرو ڈے سرجری” کا آغاز کر دیا ہے۔ یعنی مریض کے داخلے کے پہلے ہی دن آپریشن ممکن بنایا گیا ہے، جو کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک بڑی پیش رفت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنز میں ریڑھ کی ہڈی کے حادثاتی مریضوں کے لیے 24 گھنٹے دستیاب نیورو اسپائن آپریشن تھیٹر کو باقاعدہ فنکشنل کر دیا گیا ہے۔

اب پنجاب بھر سے اسپائن ٹراما کے مریضوں کا فوری آپریشن ممکن ہو گیا ہے، جس سے مریضوں کو بہترین اور بروقت علاج میسر آئے گا۔
پروفیسر آصف بشیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی جدید سہولیات کو بہترین طریقے سے استعمال کر رہے ہیں اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے نیورو سرجنز، اینستھیزیا ٹیم، ہیلتھ پروفیشنلز،نرسز اور پیرامیڈیکس کی انتھک پیشہ وارانہ محنت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ انہی کی شب و روز کوششوں سے نیورو انسٹی ٹیوٹ اسپائنل ٹراما کے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی نگہداشت فراہم کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔یہ سہولت نہ صرف لاہور بلکہ پورے پنجاب کے مریضوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے، جو بروقت علاج کی بدولت جلد صحت یاب ہو سکیں گے۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز، جدید سہولیات، ماہر عملے اور حکومتی تعاون سے مریضوں کی خدمت میں صفِ اول کا ادارہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کسی مریض کو آپریشن کیلئے انتظار کی زحمت اٹھا نا نہیں پڑے گی۔
٭٭٭٭