برآمدات 25

وزیراعظم کی برآمدات بڑھانے کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے برآمدات بڑھانے کیلئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے ملک میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کیا جائے، لائسنسنگ اور دیگر سروسز تک رسائی کے سارے نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی رفتار تیز کی جائے۔

منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ برآمدات بڑھانے کے لیے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ریگولیٹری تعمیل پر عملدرآمد کو مزید آسان اور کم خرچ بنایا جائے،حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کیا جائے، لائسنسنگ اور دیگر سروسز تک رسائی کے سارے نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی رفتار تیز کی جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے ملک میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔اجلاس کو ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک ملکی برآمدات میں خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ 3.7فیصد رہا،مالی سال 2028 تک ملکی برآمدات میں خصوصی اکنامک زونز کا حصہ 8فیصد تک لے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے،

صوبوں کی مشاورت سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بزنس-ریڈی ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے،سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لئے حکومتی اجازت ناموں کے حصول آسان بنانے کیلئے تمام سروسز ڈیجیٹائز کی جا رہی ہیں جس کے لئے پاکستان ریگولیٹری رجسٹری قائم کی جا رہی ہے،ملک میں اس وقت 21خصوصی اقتصادی زونز آپریشنل ہیں اور جون 2026 تک یہ تعداد 26ہو جائے گی،آسان کاروبار ایکٹ کے تحت سرخ فیتے کا خاتمہ ہوگا اور ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی سے سرمایہ کاری میں مزید سہولت فراہم ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں