وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم کا رمضان المبارک میں متحد ہو کر ظلم وستم کاشکارفلسطینی وکشمیری بہن، بھائیوں کیلئے آواز اٹھانے پر زور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان کا پیغام صبر، شکر، ہمدردی اور اخوت و ایثار ہے، یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاد کی مضبوطی ،باہمی تعاون و اخوت کو فروغ دینے کا ہے،رمضان میں ہمیں ظلم وستم کاشکارلاکھوں فلسطینی وکشمیری بہن، بھائیوںکو یاد رکھناہوگا، ظلم وجبر کیخلاف آوازاٹھانی ہوگی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک1446ھ کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میںکہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ ایک بار پھر ہمیں رمضان المبارک کی سعادت نصیب ہو رہی ہے،یہ مہینہ رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا ہے جس میں اللہ تعالی ہمیں اپنی قربت عطا فرماتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا اصل پیغام صبر، شکر، ہمدردی اور اخوت و ایثار ہے، یہ وہ مہینہ ہے جو ہمیں دوسروں کے دکھ درد کا احساس دلاتا ہے۔ آج جب ہم اللہ کی نعمتوں پر شکر بجا لاتے ہیں تو ہمیں اپنے آس پاس غریبوں اور محتاجوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے اور اپنی استطاعت کے مطابق ان کی مدد کرنی چاہئے، ہمیں ان لاکھوں فلسطینی اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا ہے جو ظلم و جبر کا شکار ہیں اور متحد ہو کر اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانی ہے۔یہ وقت ہے کہ ہم امت مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط کریں اور باہمی تعاون و اخوت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعاء گو ہیں کہ اس مہینے کی برکت سے اللہ تعالی پاکستان کو استحکام نصیب فرمائے اور ہمیں توفیق دے کہ ہم عوام کی خدمت کریں اور پاکستان کو اقوام دنیا میں اس کا جائز مقام دلائیں۔

انہوںنے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ اس بابرکت مہینے میں ہم سب زیادہ سے زیادہ عبادات کریں، غریبوں اور محتاجوں کی مدد کریں اور اپنی دعائوں میں فلسطین، بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور پوری مسلم امہ کو یاد رکھیں۔ اللہ تعالی رمضان کی برکتوں سے ہمیں نوازے اور ہمیں آپس میں محبت اور بھائی چارے کے رشتے میں جوڑ دے۔