وزیراعظم

وزیراعظم کارومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب، امن و سلامتی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہے،آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن، اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ پوپ فرانسس کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا، پوپ فرانسس کا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لیے، بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا۔

شہبازشریف نے کہاکہ پوپ فرانسس کا گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا بیان انکی پرامن و انسانیت کی محبت سے بھرپور شخصیت کی عکاسی ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ پوپ فرانسس کی رحلت پوری دنیا، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے ویٹی کن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔