وزیراعظم

وزیراعظم آفس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے کینیڈین ہائی کمیشن کے کاؤنسلر ڈینیئل آرسینالٹ سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس کا مقصد دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا، جنرل پریفرینشل ٹیرف پلس (GPT) کو مزید مؤثر بنانا، باہمی سرمایہ کاری کے معاہدے (BIT) میں پیشرفت اور اہم امور پر تبادلہ خیال تھا۔

ملاقات میں تجارت بڑھانے پر زور دیا گیا جس میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات اور کینیڈا کی کینولا درآمدات کو مرکزی حیثیت حاصل رہی۔ رانا احسان نے ”اْڑان پاکستان” وڑن پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد GPT اسکیم کے تحت برآمدات میں اضافہ ہے۔ یہ اسکیم جنوری 2025 میں اپ ڈیٹ کی گئی، جو اب 80 فیصد ٹیرف لائنز کا احاطہ کرتی ہے۔ملاقات میں BIT پر بھی بات ہوئی تاکہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔

اس سے نہ صرف کینیڈین کمپنیاں جیسے کہ اسکوٹیابینک اور میگنا انٹرنیشنل پاکستان میں ملازمتیں پیدا کر سکیں گی بلکہ پاکستانی کمپنیاں جیسے شان فوڈز بھی کینیڈا کی مارکیٹ میں مزید فروغ پا سکیں گی۔رانا احسان نے کہاکہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی تعاون مزید گہرا ہونے جا رہا ہے۔ ملاقات میں پاکستان کے تجارتی مرکز کے طور پر کردار کو دوبارہ اجاگر کیا گیا۔