نہال ہاشمی 30

والدین کا احترام اور خدمت ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے والدین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ والدین اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت، محبت، ایثار اور رحمت کا بے مثال مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماں کے قدموں تلے جنت اور باپ جنت کا بہترین دروازہ ہے، جبکہ والدین کی دعائیں اولاد کی کامیابی، ترقی اور خوشحالی کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ نئی نسل کی بہترین تربیت، کردار سازی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں والدین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کے روشن مستقبل کے لیے اپنی خواہشات اور آرام تک قربان کر دیتے ہیں، اس لیے ان کی بے لوث محبت، قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہم سب کا فرض ہے۔سید نہال ہاشمی نے زور دیا کہ والدین کا احترام، خدمت اور فرمانبرداری ہماری دینی، اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط خاندان، باوقار والدین اور اچھی تربیت ہی ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں