مراد علی شاہ 50

نوجوان نسل کو تمباکو سے بچانا مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیراعلی سندھ کا عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی پر پیغام

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمباکو نوشی انسانی صحت کے لیے ایک خاموش قاتل ہے اور اس سے بچا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی جیسی مضر عادت سے محفوظ رکھنا حکومت، والدین، اساتذہ اور سماج کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ صحت مند سماج کے قیام کے لیے تمباکو نوشی سے دور رہیں اور دوسروں کو بھی اس کے نقصانات سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی صرف ایک عادت نہیں بلکہ متعدد مہلک بیماریوں کی جڑ ہے، جو دل، پھیپھڑوں اور دیگر خطرناک امراض کا سبب بنتی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت انسدادِ تمباکو سے متعلق آگاہی مہمات کو مزید مثر بنا رہی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کے خلاف موجود قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صحت ہمارا بنیادی حق ہے اور ہمیں اپنی زندگی کو ہر قسم کے صحت کے خطرات سے محفوظ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مشن عوام کو صحت مند زندگی اور تمباکو سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “صحت مند سندھ” کے وژن کے تحت کھیلوں، تفریحی سرگرمیوں اور مثبت طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلی سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت صحت مند زندگی کے فروغ اور تمباکو نوشی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، تاکہ آنے والی نسلوں کو تمباکو سے پاک، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں