نہال ہاشمی 39

نوجوان نسل کوتمباکو نوشی جیسی لعنت سے بچانا ہماری قومی ذمہ داری ہے، سید محمد نہال ہاشمی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے تمباکو نوشی کو ایک خاموش قاتل اور صحتِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق “ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے” کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ تمباکو کا استعمال کینسر، دل اور پھیپھڑوں کی مہلک بیماریوں کی بڑی وجہ ہے، یہ نہ صرف انسانی صحت کو تباہ کرتا بلکہ قومی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

انہوں نے سگریٹ اور شیشہ نوشی کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی ہمارے ماحول کو آلودہ کر رہی ہے جس سے آنے والی نسلوں کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔گورنر نے کہا کہ عوام میں تمباکو نوشی کے نقصانات سے متعلق آگاہی بڑھانے کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت، میڈیا اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ انسدادِ تمباکو مہم میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

سید محمد نہال ہاشمی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تمباکو نوشی ترک کر کے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک صحت مند پاکستان کی تشکیل کے لیے تمباکو سے پاک معاشرہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں