پروفیسر الفرید ظفر

نرسنگ کالجز ایوننگ شفٹ ڈگری پروگرام ہیلتھ کیئر میں انقلاب برپا کر دے گا’پروفیسر الفرید ظفر

لاہور ( زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی کی جانب سے لاہور جنرل ہسپتال سمیت صوبے کے 44 نرسنگ کالجز میں پہلی بار ایوننگ شفٹ میں چار سالہ ڈگری پروگرام کا اجراء ایک ایسا تاریخی اقدام ہے جو شعبہ صحت میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا،اس اقدام سے نرسنگ ہیلتھ ایجوکیشن پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور صوبے میں ہیلتھ پروفیشنلزم کے فروغ اور تربیت یافتہ نرسز کی کمی کو پورا کرنے میں بے حد مدد ملے گی ۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ایوننگ شفٹ کی کلاسز سے بڑی تعداد میں تربیت یافتہ نرسز مستفید ہوں گی جس سے نہ صرف ہیلتھ کیئر سسٹم مضبوط ہوگا بلکہ ہسپتالوں میں مریضوں کی نگہداشت کے معیار میں بھی بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ پاکستانی نرسز کیلئے بیرونی ممالک کے ہسپتالوں میں بہت زیادہ ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں اور اس اقدام سے تعداد میں تعلیم یافتہ نرسز کی بیرون ملک ملازمت کی راہ ہموار ہو گی جس سے نہ صرف سینکڑوں خاندانوں کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ کثیر ذر مبادلہ بھی پاکستان آئے گا۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کا کہنا تھا کہ نرسنگ کالجز میں ایوننگ شفٹ کا اغاز وزیراعلی محسن نقوی کی دور اندیشی اور شعبہ صحت کے ساتھ کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوننگ شفٹ میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو حکومتی پالیسی کے مطابق ماہانہ 31470 روپے وظیفہ بھی ملے گا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ایف ایس سی پاس کرنے والی طالبات کو چاہیے کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ نرسنگ کا شعبہ اختیار کریں جس سے نہ صرف تعلیم یافتہ خواتین کا روزگار کامسئلہ حل ہوگا بلکہ انہیں اللہ تعالی کی خوشنودی کے لیے مریضوں کی خدمت کرنے کا موقع بھی ملے گا جو نرسنگ کے شعبہ کا طرہ امتیاز ہے

انہوں نے کہا کہ نرس طالبات دوران کورس محنت، لگن اور جانفشانی سے اپنی تعلیم مکمل کریں اور اساتذہ سے رہنمائی حاصل کریں تاکہ انہیں عملی میدان میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ نرسنگ واحد شعبہ ہے جس میں کورس کے دوران وظیفہ ملتا ہے اور کورس مکمل ہونے پر گریڈ 16 میں بآسانی ملازمت بھی مل جاتی ہے۔