خواجہ آصف

نبی ۖ کے امتی غزہ میں حسین کی سنت تازہ کر رہے ہیں،خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے یومِ عاشور کے موقع پر کہا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کی بہت بڑی تعداد غزہ میں حسین کی سنت کو تازہ کر رہی ہے،کوئی بھی مسلمان کسی فرقے سے تعلق رکھتا ہو یہ ہمارا مشترکا دکھ ہے،شہدائے کربلا کی قربانی کی روح زندہ رہنی چاہیے، اسی میں مسلمانوں کی بھلائی ہے۔

میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ انسانی تاریخ میں عظیم ترین قربانی یاد رکھی جائے گی،کربلا میں انسانی تاریخ کی عظیم ترین قربانی دی گئی، اب وہ جذبہ مسلمانوں میں نہیں رہا، اس عظیم قربانی کا مقابلہ تو نہیں لیکن ایک کربلا غزہ میں بھی برپا ہے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ فلسطین میں خواتین کے سروں سے چادریں چھینی جا رہی ہیں،ہزاروں بچے یتیم ہو رہے ہیں، غزہ میں جاری مظالم پر کتنے مسلمان ممالک آواز اٹھا رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہاکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کی بہت بڑی تعداد غزہ میں حسین کی سنت کو تازہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سنت کی آبیاری خون سے کرنا پڑتی ہے، خون اس وقت فلسطینی دے رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ عاشورہ اور محرم ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے،بڑا مشہور مصرع ہے اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد۔

خواجہ آصف نے کہاکہ کوئی بھی مسلمان کسی فرقے سے تعلق رکھتا ہو یہ ہمارا مشترکا دکھ ہے، اس دکھ کی یاد ہر سال محرم میں تازہ ہوتی ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ مراکش سے انڈونیشیا، ملائشیا تک مسلمان اس کا ماتم کر رہے ہیں،شہدائے کربلا کی قربانی کی روح زندہ رہنی چاہیے، اسی میں مسلمانوں کی بھلائی ہے۔