اشرف بھٹی 16

نئے صوبوں کے معاملے پر چوک چوراہوں میں بحث سے تقسیم بڑھ رہی ہے ، اشرف بھٹی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس قومی معاملے پر چوک چوراہوں اور عوامی مقامات پر بحث و مباحثے سے معاشرے میں تقسیم اور اختلافات کو ہوا مل رہی ہے، سیاسی جماعتیں اس معاملے پر اپنا موقف اور تجاویز متعلقہ آئینی فورم پارلیمنٹ میں پیش کریں جہاں قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے سنجیدہ بحث اور مشاورت کے ذریعے فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے باعث غیر معمولی چیلنجز سے دوچار ہے اور ملک کو آج اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ قومی معاملات کو سیاسی اختلافات کی نذر کرنے کی بجائے وسیع تر ملکی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو چاہیے کہ ایسے حساس معاملات پر بیان بازی اور عوام میں بحث کو ہوا دینے سے گریز کرے اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرے۔

پاکستان کی سلامتی، استحکام اور معاشی ترقی کا تقاضہ ہے کہ تمام سیاسی و سماجی قوتیں باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ملک کو اس وقت انتشار نہیں بلکہ اتفاق رائے، برداشت اور مضبوط قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں