آریانا گرانڈے 16

میری موسیقی غیر انسانی کام کیلئے استعمال نہ کریں: آریانا کی وائٹ ہاؤس کو تنبیہ

لاس اینجلس(رپورٹنگ آن لائن) امریکی پاپ اسٹار اور اداکارہ آریانا گرانڈے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں کی تشہیر کے لیے ان کی موسیقی کا استعمال بند کرے۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں حکومت کی امیگریشن یعنی تارکین وطن سے متعلق پالیسی کو دکھایا گیا تھا، اس ویڈیو میں سرکاری اہلکاروں کو لوگوں کو گرفتار کرتے اور ہتھکڑیاں لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور پس منظر میں آریانا گرانڈے کا 2024 کا مشہور گانا ’’بائے‘‘ چل رہا تھا۔

آریانا گرانڈے نے وائٹ ہاؤس کی اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ براہ کرم میری موسیقی کو کبھی بھی اس وحشیانہ، غیر انسانی اور گھناؤنے بکواس کام کے لیے استعمال نہ کریں۔

گلوکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اب اس قانونی طریقے پر غور کر رہی ہے جس کے ذریعے اس ویڈیو سے ان کا گانا جلد از جلد ہٹایا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان ایبی گیل جیکسن نے گلوکارہ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ بات آخری بار کہہ رہے ہیں کہ اصل میں وحشیانہ، غیر انسانی اور گھناؤنے وہ مجرم غیر قانونی تارکین وطن ہیں جنہوں نے بے قصور امریکی شہریوں کو زخمی کیا اور ان کا قتل کیا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حکومت کی ترجیح ملکی سلامتی اور قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے، جبکہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ بعض امیگریشن اقدامات انسانی حقوق سے متعلق خدشات کو جنم دیتے ہیں۔

آریانا گرانڈے، جو ایک مشہور گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی اداکارہ بھی ہیں، طویل عرصے سے ٹرمپ انتظامیہ اور امیگریشن نافذ کرنے والے ادارے آئس کی پالیسیوں کی سخت مخالف رہی ہیں۔

انہوں نے رواں سال گولڈن گلوبز ایوارڈز کی تقریب میں بھی اس ادارے کے خلاف ایک پن پہن رکھی تھی اور وہ اکثر تارکین وطن کے حقوق کے حق میں آواز اٹھاتی رہتی ہیں، پچھلے سال بھی انہوں نے انسٹاگرام پر ٹرمپ کو ووٹ دینے والوں سے پوچھا تھا کہ کیا ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد ان کی زندگیوں میں کوئی بہتری آئی ہے؟

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور ان کی میڈیا ٹیم اکثر صدر کے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کی کوششوں کو دکھانے کے لیے مشہور گانوں کا استعمال کرتی ہے، اس سے پہلے بھی ٹرمپ انتظامیہ کی کئی ویڈیوز میں مشہور گانے استعمال کیے جا چکے ہیں جن میں ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں اور وینزویلا کے سابق صدر کی گرفتاری جیسی تصاویر دکھائی گئی تھیں۔

آریانا گرانڈے اکیلی ایسی فنکار نہیں ہیں جنہوں نے اس طرح اپنی موسیقی کے استعمال پر اعتراض اٹھایا ہو بلکہ ان کے علاوہ اولیویا روڈریگو، بلے ایلش اور سبرینا کارپینٹر جیسے کئی دوسرے بڑے گلوکاروں نے بھی موجودہ امریکی انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں پر شدید تنقید کی ہے۔

خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس کی اس ویڈیو پر آریانا گرانڈے کا تبصرہ اب وہاں سے ہٹا دیا گیا ہے اور ویڈیو کی آواز بھی بند کر دی گئی ہے، جس کے بعد گلوکارہ نے اس کمنٹ کے اسکرین شاٹس خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرنا شروع کر دیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں