محسن نقوی 22

مہمند میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ ناقابل برداشت ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں انسدادِ پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔متعلقہ وزارت سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار ملک کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، ان پر حملہ دراصل قوم کے مستقبل پر حملہ ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، جنہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں