اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مون سون شجرکاری مہم 2026 کے آغاز پر قوم کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ درختوں کا تحفظ اور شجرکاری ایک قومی ذمہ داری اور اہم ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ، مون سون شجرکاری مہم 2026 کے تحت ملک بھر میں 2 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے، جنگلات حیاتیاتی تنوع، آبی وسائل اور ماحول کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے جنگلات کا فروغ ناگزیر ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ شہری، نوجوان، تعلیمی ادارے اور مقامی آبادی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں، مقامی اور موزوں درختوں کی اقسام لگانے پر توجہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور پائیدار زمین کے انتظام کیلئے اقدامات کر رہی ہے، مون سون شجرکاری مہم ماحولیاتی ذمہ داری اور اجتماعی اقدام کی دعوت ہے، سرسبز، صاف اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل مضبوط پاکستان کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ آج لگائے گئے درخت آنے والی نسلوں کے صحت مند اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔









