بلاول بھٹو زرداری 17

موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی اقدام ناگزیر ہیں،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی اقدام ناگزیر ہیں، بار بار آنے والے سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی کی لہریں، پانی کی قلت اور ماحولیاتی تباہی کی تلخ حقیقت کی یاد دہانی ہیں، دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے باب میں کلائمنٹ جسٹس کو یقینی بنانا ہوگا۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے جدوجہد درحقیقت انسانیت کے تحفظ کی جدوجہد ہے۔ انہوںنے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی اقدام ناگزیر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بار بار آنے والے سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی کی لہریں، پانی کی قلت اور ماحولیاتی تباہی کی تلخ حقیقت کی یاد دہانی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی اب مستقبل کا خطرہ نہیں بلکہ آج لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو متاثر کرنے والی حقیقت بن چکی ہیں ۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ بے شمار خاندانوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی کوئی بحث یا پیش گوئی نہیں رہی،موسمیاتی تبدیلی اب بے شمار خاندانوں کیلئے گھر، روزگار، فصل اور کئی صورتوں میں اپنے پیاروں سے محرومی کا نام ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے،اس کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے باب میں کلائمنٹ جسٹس کو یقینی بنانا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ انتہائی ناانصافی ہے کہ وہ ممالک جو اس بحران کے ذمہ دار نہیں ہیں، اس کے سب سے سنگین نتائج بھگتنے پر مجبور ہوں۔

انہوںنے کہاکہ لاکھوں لوگ ترقی یافتہ ممالک کے کاربن اخراج کے باعث اپنی جانوں، روزگار اور مستقبل کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم ماحولیات پر قائدِ عوام بھٹو شہید اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ قائدِ عوام اور بی بی شہید کا وڑن سماجی انصاف، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان گہرے تعلق کو تسلیم کرتا تھا۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ موسمیاتی مزاحمت، قابلِ تجدید توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی پر عزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ ارض آنے والی نسلوں کے لیے ہمارے پاس ایک امانت ہے، آئیے ایسا مستقبل تعمیر کریں جو غفلت اور ماحولیاتی کی تباہی پر کھڑا نہ ہو بلکہ ایسا مستقبل تعمیر کریں جو امید، پائیداری، انصاف اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں