اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ مملکت سعودی عرب پر عراق کی سرزمین سے ڈرون حملے ناقابل قبول ہیں۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ ارض حرمین شریفین کے ایک ایک ذرے کے دفاع ، سلامتی و استحکام کیلئے سعودی عرب کی قیادت کے شانہ بشانہ ہے۔
انہوںنے کہاکہ سعودی عرب پر ڈرون حملے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے اور امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کے خلاف سازش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو سعودی عرب کی سلامتی ، دفاع اور استحکام کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاع ، سلامتی اور استحکام ایک ہے۔









