لاہور ہائی کورٹ

ملزمان کی اخراج مقدمہ کے متعلق درخواستوں پر سماعت ،سی پی او فیصل آباد سمیت دیگر افسران لاہور ہائیکورٹ پیش

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ میں ملزمان کی اخراج مقدمہ کے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر اور سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت کی ایک لاکھ 26ہزار عبوری چالان جمع کروانے پر سی پی او گوجرانولہ رانا ایاز سلیم کی تعریف ،عدالت نے پولیس افسران کوپوسٹمارٹم، بلڈ گروپ سمیت دیگر قانونی پہلوئوں کو مد نظر رکھنے کی ہدایت کردی ۔

جسٹس فاروق حیدرنے ملزم عثمان سیف سمیت دیگر کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی، پولیس افسران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد ادریس بھٹی کے ہمراہ پیش ہوئے، جسٹس فاروق حیدر نے سی پی اوفیصل آباد سے کہا آپ آگے آئیں، کتنے چالان جمع کروائے ہیں، سی پی او نے رپورٹ جمع کروا دی، سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم نے بتایا کہ پیکا کے کچھ کیسز باقی ہیں، ایک لاکھ چھبیس ہزارچالان ٹرائل کورٹ میں جمع کروادیئے ہیں۔

جسٹس فاروق حیدر نے رانا ایازسلیم سے کہا کہ شاباش، آپ کی کارکردگی بہت اچھی ہے، ہم نے ہی اس معاملے کو دیکھنا ہے، اگر پہلے ہو جاتا تو کتنا بہتر ہوتا، سی پی او گوجرانوالہ نے بتایاکہ انٹرنل سکیورٹی کا بھی اہتمام کیا ہوا ہے۔ جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیئے کہ قانون کی پاسداری ہونی چاہیے، چلیں دیر سے ہوا ، کچھ ہوا تو سہی، اگرکوئی کوتاہی رہ جائے، تو اس سے ملزمان کو فائدہ پہنچتا ہے، ملزم چھوڑنے کا الزام عدالتوں پرآتا ہے، آپ دونوں افسر بہت اچھے ہیں، عدالت نے پولیس رپورٹس کی روشنی اور فریقین کا موقف سن کردرخواستیں نمٹادیں۔