سینیٹر محمد اورنگزیب

معیشت میں بہتری کیلئے اقدامات اولین ترجیح ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت میں بہتری کے لئے اقدامات اولین ترجیح ہے،نجی شعبوں کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے کراچی میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی) کے تحت پاکستان اسٹارٹ اپ سمٹ 2024 کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں ہونے والی ترقی پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی، آئی ٹی ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ سسٹم کے تحت اداروں کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے، چیزوں کو بہتر کرنے کے لئے اداروں کے درمیان رابطے مضبوط ہونا انتہائی ضروری ہیں۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ معیشت میں بہتری کے لئے اقدامات اولین ترجیح ہے، چیزیں بہتر ہورہی ہیں لیکن سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ معیشت کی نمو میں فیصلہ کن ثابت ہوگا، مالیاتی شمولیت میں ٹیکنالوجی انتہائی اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ریاض میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی، ریاض میں منعقدہ کانفرنس کی تھیم آرٹیفشل سپر انٹیلیجنس تھا۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت کا کام پالیسی فریم ورک اور اس میں تسلسل برقرار رکھنا ہے، نجی شعبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کاموں کو توسیع دیں۔

وزیر خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ اس سمٹ میں سرمائے تک رسائی پر بھی بات کی جائے گی اور اسٹارٹ اپس نئے حل کے ساتھ مالیاتی رسائی بڑھائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر سرمائے کی فراہمی میں تکنیکی درستگی بھی آتی ہے۔