رانا سکندر حیات 18

معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح، نجی تعلیمی ادارے ہمارے دست و بازو ہیں، رانا سکندر حیات

خالق نگر(رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں بچیوں کی تعلیم کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور نجی تعلیمی اداروں کا یہ جذبہ حکومتی مشن کو آگے بڑھانے میں اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی میں نجی شعبہ حکومت کا حقیقی دست و بازو ہے اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق کوئی بھی بچہ یا بچی اسکول سے باہر نہیں رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندرحیات گزشتہ روزنواز شریف اسکول آف ایمیننس(گرلز کیمپس)خیابانِ امین نشتر کالونی مین فیروز پور روڈ لاہور کے افتتاح کے موقع پراپنے خطاب میں کررہے تھے ، اسکول آمد پر چیف ایگزیکٹو نواز شریف اسکول آف ایمیننس فیاض احمد رانا نے صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندرحیات کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیوں کی بارش کی گئی جبکہ اسکول کی ہونہار طالبات نے معزز مہمان کو پھولوں کا خوبصورت گلدستہ پیش کیا۔

تقریب میں بابِ ارقم گروپ آف اسکولز کے ڈائریکٹر رانا محمد ریاض، معروف ماہرِ تعلیم رانا افضال احمد، امتیازشاہین ،ممبرانِ صوبائی اسمبلی میاں عمران جاوید، رانا راشد منہاس اور مشیرِ وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان ملک سمیت علاقے کی دیگر اہم سیاسی و سماجی رہنماؤں اور بچوں کے والدین کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔افتتاح کے بعد صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اسکول کے مختلف حصوں، کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز اور لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا اور تعلیمی معیار و انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو فیاض احمد رانا کی تعلیمی کاوشوں کو کھل کر داد دی۔

افتتاحی تقریب کو مزید یادگار بنانے کے لیے اسکول میں ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جہاں پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام معزز مہمانوں کی موجودگی میں قومی پرچم فضا میں لہرایا۔ اس موقع پر اسکول کی طالبات نے ملی نغمے اور قومی ترانہ پیش کیا جس سے پورا کیمپس”پاکستان زندہ باد”کے نعروں سے گونج اٹھا۔ بعد ازاںیومِ آزادی کی خوشیوں کی مناسبت سے تیار کیا گیا ایک خصوصی کیک بھی کاٹا گیا، جس میں صوبائی وزیرِ تعلیم کے ہمراہ چیف ایگزیکٹو فیاض احمد رانا، ارکانِ اسمبلی میاں عمران جاوید، رانا راشد منہاس اور مشیرِ وزیراعلیٰ ذیشان ملک نے شرکت کی۔

صوبائی وزیرتعلیم کوڈائریکٹرفیاض احمدرانا کی جانب سے سکول کا افتتاح کرنے پریادگاری سوینیئربھی پیش کیا گیا، تقریب کے اختتام پرملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور نسلِ نو کے روشن تعلیمی مستقبل کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی اور بچوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں