سید ناصر حسین شاہ 17

معلومات تک رسائی شہریوں کا آئینی حق ہے، ناصر حسین شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ سرکاری امور اور عوامی منصوبوں میں شفافیت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، سندھ حکومت بلدیاتی سطح پر عوام کو معلومات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وڑن کے مطابق طرز حکمرانی کو مزید شفاف بنایا جا رہا ہے جبکہ عوام کو بلدیاتی ترقیاتی منصوبوں اور فنڈز کی تفصیلات تک آسان رسائی دی جا رہی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں درست معلومات تک رسائی افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کا بہترین توڑ ہے، محکمہ بلدیات کے تمام ذیلی اداروں میں معلومات تک رسائی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ اور احتساب اسی وقت ممکن ہے جب شہری اپنے جاننے کے حق کو استعمال کریں، شہریوں اور صحافیوں کو عوامی اہمیت کے حامل معاملات تک رسائی فراہم کرنا آئینی ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں