بلاول بھٹو زرداری 39

معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جس میں پوری قوم نے مثالی اتحاد، جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔

معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام کراچی میں یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ قومی ترانہ بھی بجایا گیا، تقریب میں معرکہ حق کی کامیابی سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کے دوران ہر پاکستانی نے اپنا کردار بھرپور انداز میں نبھایا، جبکہ پاکستانی قوم نے میدان جنگ میں دشمن کو شکست دی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتکاروں نے بھی سفارتی محاذ پر بھرپور انداز میں دشمن کا مقابلہ کیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم جھکنے والی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی قومی یکجہتی، قربانی اور مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں