نہال ہاشمی 30

معرکہ حق کی کامیابیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی

کراچی / ہیوسٹن (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ معرکہ حق دنیا کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم معرکہ ہے جس میں پاکستان کی بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری حکمتِ عملی کے تحت ایسی تاریخی شکست دی جسے صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کے اتحاد، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے معرکہ حق (بنیان مرصوص) کے ایک سال مکمل پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں امریکہ بھر سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں، کاروباری شخصیات، کمیونٹی رہنماؤں، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں جو بیرونِ ملک رہتے ہوئے نہ صرف وطن کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں بلکہ قومی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید بہتری، معاشی خود انحصاری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اوورسیز پاکستانی اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونِ ملک پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں مزید مؤثر انداز میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام عظیم قربانیوں اور بے مثال جدوجہد کا نتیجہ ہے، لہٰذا ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ قومی اتحاد، دیانتداری اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دفاعی میدان میں اپنی طاقت اور صلاحیت کا لوہا منوایا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ قوم معاشی، تعلیمی اور سائنسی میدانوں میں بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لیے متحد ہو کر کام کرے۔تقریب سے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور عالمی سطح پر مثبت تشخص کے فروغ کے لیے اپنے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں