فیصل کریم کنڈی 16

مصنوعی ذہانت صحت اور طبی تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت صحت اور طبی تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لا رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور بہتر علاج میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، طبی تعلیم میں اے آئی کا استعمال طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہا ہے، پاکستان کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ حیات آباد پشاور میں ہیلتھ کیئر ایجوکیشن آرٹیفیشل انٹلیجنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ جامعات اور طبی اداروں میں تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید علوم سے آراستہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کا استعمال ذمہ داری، شفافیت اور اخلاقی اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔گورنر نے کہا کہ ٹیکنالوجی انسانی صلاحیتوں کا نعم البدل نہیں بلکہ معاون ثابت ہونی چاہیے، صحت کے شعبے میں انسانیت، ہمدردی اور پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہے گی، ماہرین، محققین اور ادارے باہمی تعاون سے صحت مند اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔ گورنر نے کہا کہ مذکورہ سمٹ علم، تحقیق اور جدت کے فروغ کی اہم کاوش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں