مرتضیٰ وہاب 16

مصطفیٰ کمال جس دن مناظرے کا کہیں، میں تیار ہوں، مرتضیٰ وہاب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال جس دن مناظرے کا کہیں، میں تیار ہوں۔شہر قائد کے شادمان ٹاؤن میں مرتضیٰ وہاب نے پارک اور آئی ٹی سینٹر کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا، منصوبہ ایک کروڑ 45 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ شادمان ٹاؤن میں کچرے کے ڈھیر کو پارک میں تبدیل کردیا گیا ہے، ایک ایکڑ سے زائد رقبے پر قائم پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، پارک میں بچوں کے لیے پلے ایریا، جھولے، گھاس، جبکہ 100 سے زائد نئے درخت اور پودے لگائے گئے ہیں۔

میئر کراچی نے بتایا کہ پارک کے ساتھ نوجوانوں کے لیے آئی ٹی سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مفت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس بھی مفت پڑھائی جائے گی، تاکہ نوجوان جدید ہنر حاصل کرکے روزگار کے مواقع حاصل کرسکیں۔مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آئی ٹی کا شعبہ روزگار کے لیے بہترین مواقع فراہم کررہا ہے، فری لانس کام کرنے والوں کو بھی باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

انہون نے کہا کہ آئی ٹی سینٹر 180 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے، جس میں 8 کمرے، دفتر، سٹور، باورچی خانہ اور بیت الخلاء سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں، منصوبے میں پارک اور آئی ٹی سینٹر کے لیے بجلی اور پانی کی فراہمی اور سیوریج کنکشن کو بیرونی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام بھی شامل ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہم ہر ڈسٹرکٹ میں اس طرح کے پارک بنائیں گے، کراچی میں تیزی سے ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور مزید ترقیاتی کاموں کا سلسلہ 15 ستمبر سے شروع ہوگا، ٹاؤن کی سڑکیں بھی بنائیں گے۔وہاب مرتضیٰ نے کہا کہ اب کراچی میں کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہے، شہر کا انفرااسٹرکچر بہتر ہورہا ہے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے پاس وسائل اور اختیارات موجود ہیں، اب اختیارات اور وسائل کا رونا رونے کا وقت نہیں، فرق صرف قیادت کا ہے اور کراچی کی قیادت کراچی والوں کے ہاتھ میں ہے، پیپلزپارٹی نے جو وعدہ کیا اسے پورا کیا اور ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال جس دن مناظرہ کرنے کے لیے کہیں، میں تیار ہوں، میں آج بھی فیلڈ اور گراؤنڈ میں ہوں جبکہ مصطفیٰ کمال ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کرتے ہیں، وہ ہفتے میں صرف ایک دن کراچی آتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہیں اپنے مخالفین سے حمایت کی توقع نہیں، جمہوریت کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں، مخالفت ہوتی ہے، کراچی والے بوری بند ہڑتالوں اور تشدد والا کراچی نہیں چاہتے، اب پہیہ جام نہیں چلے گا۔

ان کا مصطفیٰ کمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ تین سو ارب روپے کی منظوری کے کاغذات دکھائیں اور بتائیں کہ یہ رقم کب کونسل سے منظور کرائی گئی۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ مصطفیٰ کمال غصے میں جلد آجاتے ہیں، وہ وزیر صحت ہیں، اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی سوچ مختلف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں