ایگزٹ کنٹرول لسٹ

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایگزٹ کنٹرول لسٹ کا غیر ضروری استعمال روکنے کا فیصلہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ کا غیر ضروری استعمال روکنے کا فیصلہ کیا ہے انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام شامل ہوگا۔

ای سی ایل کمیٹی کے رکن وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نئی ای سی ایل پالیسی کے سب سے بڑے بینفشری سابق وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے ای سی ایل نے رولز میں ترمیم کی سفارش کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے رولز کے تحت انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام ای سی ایل میں شامل کیا جائیگا ، ای سی ایل سے نام نکالنے کے کیسز نمٹانے کا وقت مقرر کرنے کی بھی تجویز سامنے آئی۔ذرائع کے مطابق ای سی ایل سے نام نکالنے کے کیسز نمٹانے کا وقت مقرر کرنے کی تجویز کئی سال سے زیر التوا درخواستوں کے باعث دی گئی۔ ذرائع وزارت قانون نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد رولز میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔