شہلا رضا 16

مسلم لیگ ( ن)خاموش کیوں؟ نواز شریف اور مریم نواز دونوں نہیں چاہتے صوبے بنائے جائیں، شہلا رضا

کراچی ( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے دعوی کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پر مسلم لیگ (ن)خاموش ہے، نواز شریف اور مریم نواز شریف دونوں نہیں چاہتے کہ صوبے بنائے جائیں،پاکستان پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے قیام کی مخالف نہیں تاہم صوبے بنانے کے لیے آئین میں موجود طریقہ کار پر عمل کرنا ضروری ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ کراچی کو سندھ سے الگ کرنے یا سندھ کی تقسیم کی بات ماضی میں بھی لسانی بنیادوں پر خون خرابے کا سبب بنی، اس لیے ایسے حساس معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے اچھالنے کے بجائے آئینی اور جمہوری فورم پر زیر بحث لایا جانا چاہیے۔شہلا رضا نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں کے حوالے سے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں ماضی کے واقعات کا حوالہ دیا تھا جبکراچی کو الگ کرنے کی کوششوں اور لسانی سیاست کے نتیجے میں شہر میں شدید خونریزی ہوئی۔کراچی میں ماضی کے لسانی فسادات کے دوران ایک ایک دن میں درجنوں جنازے اٹھتے تھے، مختلف علاقوں میں لوگوں کی شناخت کی بنیاد پر تشدد ہوتا تھا اور شہریوں کے درمیان نفرتیں پیدا کی جاتی تھیں۔کراچی میں مختلف قومیتوں اور برادریوں کو نشانہ بنایا گیا، کاروبار، ٹرانسپورٹ اور عام شہریوں کی زندگی متاثر ہوئی جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں لوگوں کے درمیان فاصلے بڑھتے چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے معاملے پر ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر اسی طرز کی سیاست دوبارہ کی گئی تو اس کے نتائج بھی خطرناک ہو سکتے ہیں۔شہلا رضا کے مطابق کراچی سندھ کا دارالحکومت ہے اور اسے سندھ سے الگ کرنے کی کوشش نہ ماضی میں کامیاب ہوئی اور نہ ہی مستقبل میں کامیاب ہوگی۔شہلا رضا نے نئے صوبوں کی بحث کو بعض قوتوں کی سوچ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ماضی میں ون یونٹ کے قیام سے لے کر مختلف سیاسی تجربات تک ایسے اقدامات کیے جاتے رہے جن کا مقصد سیاسی اور انتظامی ڈھانچے کو اپنی مرضی کے مطابق تشکیل دینا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں