لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلط کئے گئے ٹولے نے عوام دشمن بجٹ پیش کر کے ثابت کر دیا ہے کہ انہوںنے کبھی عوام کی عدالت میں نہیں جانا ، عوام کو دووقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے از خود اپنی تنخواہوںمیں 15،15لاکھ روپے کا اضافہ کر لیا ہے ۔
سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلط کئے گئے جعلی حکمران غریبوں کا محنت سے کمایا ہوا پیسہ لوٹنے اور چوری کرنے کے درپے ہیں ، پہلے لوگوں کو سولر پینل کی جانب راغب کیا گیا اور اب سولر کی درآمد پر 18فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے،اب تو عوام کو لالے پڑ گئے ہیںکہ ہم جن گھروں میں رہتے ہیں کہیں ان پر بھی قبضہ نہ کر لیا جائے ۔
اگر پاکستان میں اس وقت نہیں سوچا رہا تو وہ غریب عوام کے بارے میںنہیں سوچا جارہا ۔ مسلط ٹولہ اپنی مراعات اور تنخواہوں میں کئی سو گنا اضافہ کر رہا ہے انہیں اس لئے شرمندگی نہیں کیونکہ انہوںنے کون سا عوام کاسامنا کرنا ہے ۔آج ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اپنے عروج پر ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ہم ملک میں جنگل کا قانون کا ذکر کرتے ہیں تو یہ لوگ برا مناتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان اپنی قوم کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں اور ان شا اللہ ڈٹے رہیں گے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے جعلی اعدادوشمار پیش کئے ۔ زراعت اور لارج اسکیل مینو فیکچرننگ کی گروتھ منفی ہے ، کسانوں کو اپنی فصلوں کی صحیح قیمت نہ ملنے کی وجہ سے اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے ۔
٭٭٭٭٭