حماس

مسجد اقصی کی آزادی کی جنگ منطقی انجام تک جاری رکھیں گے،حماس

مقبوضہ غزہ (ر پورٹنگ آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ مسجد اقصی کی قابض دشمن کے قبضے سے آزادی کی جنگ منطقی انجام تک جاری رکھی جائے گی۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ مسجد اقصی کی قابض اور ناپاک صہیونیوں کے قبضے سے آزادی کی جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ قبلہ اول غاصب صہیونیوں کے پنجوں سے آزاد نہیں ہوجاتا۔

فوزی برھوم نیبیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کی قبلہ اول کے دفاع کے لیے قربانیوں اور خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ القدس کے فلسطینی باشندے مسجد اقصی کے دفاع میں قابض دشمن کے بدترین تشدد اور اذیتوں کا سامنا کررہے ہیں مگر دشمن کی تمام ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود وہ بیت المقدس اور مسجد اقصی کے دفاع کے مطالبے پر ثابت قدم ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں کی خدمات اور ان کی ثابت قدمی پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے کہ انہوںنے قبلہ اول کے دفاع کے لیے خود کو وقف کررکھا ہے اور وہ قابض دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرمقدسات کے دفاع کی جنگ لڑرہے ہیں۔