لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ، چیئرمین اسٹینڈنگ کونسل و رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز علی کھوکھر نے پبلک سیکرٹریٹ حلقہ این اے 126 میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں کارکنوں اور حلقے کی عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی ترقی اور عوام کی خدمت کی جو مثال قائم کی ہے وہ قابل ستائش ہے ، مریم نواز شریف نے اپنی انتھک محنت سے بطور وزیر اعلی پنجاب ترقی اور خدمت کا الگ اور منفرد معیار قائم کیا جس کی گونج دوسرے صوبوںمیں بھی سنائی دیتی ہے ،پنجاب میں کوئی دن ایسا نہیں ہوتا جب عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور وسائل نہ رکھنے والے طبقات کے لئے سکیموں کے لئے اقدامات نہ اٹھائے جاتے ہوں ۔
مریم نواز شریف نے اب تک جتنے بھی اعلانات کئے ہیں انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم صوبے کی ترقی اور عوامی خدمت کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے میرے پبلک سیکرٹیریٹ کے دروازے عوام کے لیے دن رات کھلے ہیں ، میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ عوام کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ،مسلم لیگ (ن) ایک اعتماد کا نام ہے ،عوامی مسائل کا فوری حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔









