مراد علی شاہ 18

مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، وزیراعلی سندھ کا اظہارِ افسوس

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مردان میں پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں شہید ہونے والے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طہ عباسی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وطن کی حفاظت اور دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے یہ بہادر افسران قوم کا قیمتی سرمایہ تھے۔ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور پوری قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کی جرات، بہادری اور فرض شناسی پر فخر کرتی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہدا نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن سے محبت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کی اعلی مثال قائم کی ہے۔ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔وزیراعلی سندھ نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور صوبے کے عوام اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے۔انہوں نے مزید کہا کہ قوم اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں