اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دینے کے سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف الیکشن کمیشن نے نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے قانونی ٹیم کو نظر ثانی اپیل کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے، الیکشن کمیشن آئندہ ایک سے دو روز میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرے گا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، اپنے اختیارات کا سپریم کورٹ میں دفاع کرے گا، کمیشن آزاد ارکان کو 15 دن کا وقت دینے پر اعتراض عائد کرے گا۔
ذرائع کمیشن کے مطابق آئین میں آزاد امیدواروں کو 3 دن دیے گئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں 15 دن کا وقت دیا، ریٹرننگ افسران کو پارٹی ٹکٹ جمع نہ کرانے والے امیدوار کیسے تحریک انصاف کے ہو سکتے ہیں؟ صرف کاغذات نامزدگی میں تحریک انصاف لکھنے سے کوئی پارٹی کا امیدوار نہیں ہو سکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں ابہام بھی اپیل کا حصہ ہو گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی دستخط اتھارٹی سے متعلق ابہام دور کرنے کے لیے پہلے ہی سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے تاہم سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے ابہام پر تاحال کوئی جواب نہیں دیا، الیکشن کمیشن نے آزاد اراکین کے بیان حلفی اور پارٹی وابستگی فارم کی اسکروٹنی بھی شروع کر دی ہے، اسپیشل سیکریٹری کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی اسکروٹنی کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق آزاد ارکان کے کاغذات نامزدگی اور بیان حلفی کے دستخط کا جائزہ لیا جائے گا، ضرورت پڑنے پر کمیٹی آزاد ارکان کو بیان حلفی کی تصدیق کے لیے طلب کرے گی۔