لاہور( رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں پر وفاقی وزیر احسن اقبال کے موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے لسانی یا ثقافتی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی تقاضوں کے مطابق بننے چاہئیں،
سیاسی جماعتوں کی طرف سے اس اہم قومی ایشو پر سیاسی بحث خوش آئند ہے، کیونکہ نئے صوبے کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ملک اور عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کی طرف سے نئے صوبوں کے لیے مدلل گفتگو قابل فکر ہے،اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، تاہم پیپلز پارٹی بھی دیگر صوبوں کے معاملے پر مختلف موقف رکھتی ہے،پنجاب اورخیبرپختونخوا ہ کی دو بڑی اسمبلیاں نئے صوبوں کی حمایت میں قراردادیں پاس کرچکی ہیں،سندھ میں بھی 1972 سے شہری اور دیہی کے کوٹے کی تقسیم لاگو ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس بنا کر عوام کے مسائل کا حل تیزی سے ممکن ہے۔ ملک میں 80 برس بعد انتظامی ڈھانچے کو نئی ضروریات کے مطابق کام کرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی خیبرپختونخوا ہ میں ہزارہ صوبے کی پہلے ہی حمایت کرچکی ہے اور نئے صوبوں کے معاملے پر ہر ایک کے پاس جانے اور سب کی بات سننے کے لیے تیار ہے۔








