محسن نقوی 15

محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

دوشنبے (رپورٹنگ آن لائن) وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے تاجکستان میں ملاقات ہوئی ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک ایران سرحد پر سکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے، سرحدی انتظام و انصرام، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور خطے کی مجموعی امن و استحکام کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

فریقین نے داخلی سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایران کے ساتھ قریبی روابط کو اہمیت دیتا ہے، جبکہ ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے بھی دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور سرحدی علاقوں میں امن و امان کی بہتری کیلئے رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں