لاہور (رپورٹنگ آن لائن)ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں کے مقبول ہیرو احسن خان نے کہا ہے کہ محبت کی ڈور کبھی ٹوٹنی نہیں چاہیے،ہم سب رشتوں، چاہتوں اور محبتوں کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں۔
اداکار احسن خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میرا نیا ڈراما ’بندھے اک ڈور سے‘ 25 جون سے شروع ہو رہا ہے، یہ ڈراما جیو پر ہر جمعرات کو ناظرین دیکھ سکیں گے، ایک سوال کے جواب میں اداکار احسن خان نے بتایا کہ ہم سب کی ڈور اْوپر والے کے ہاتھ میں ہے اور وہی ہم سب کا رب ہے، وہ جسے چاہتا ہے کامیابی عطا کرتا ہے اور جسے چاہتا ہے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نئے ڈرامے کے پرومو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے، اس ڈرامے کو فائزہ افتخار نے لکھا ہے جبکہ اس کی ڈائریکشن علی فیضان نے دیوہے اور سیونتھ اسکائی کے عبداللہ کادوانی پروڈیوسر ہیں۔احسن خان نے بتایا کہ ڈرامے میں میرا کردار ایک ایسے نوجوان کا ہے جو اپنے خاندان کو کسی بھی صورت متحد رکھنا چاہتا ہے اور ساتھ ہی میری اور اشنا شاہ کی رومانس سے بھری کہانی بھی ناظرین کے دل جیت لے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم دونوں کی اسکرین کیمسٹری کو بہت پسند کیا جائے گا۔
دوسری جانب ڈرامے کی ہیروئن اشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں گھرانوں کی میٹھی میٹھی اور دل میں اْتر جانے والی باتوں کو اْجاگر کیا گیا ہے۔ یہ ایک پاکستانی کنبے کی کہانی ہے، جس میں فائزہ افتخار کے قلم کا جادو سرچڑھ کر بول رہا ہے۔ڈرامے کے دیگر کاسٹ میں حنا الطاف، ثمینہ احمد، نواز حسن، مدیحہ رضوی اور قوی خان شامل ہیں۔